خطبہ حرم مدنی 22-شعبان- 1435کا خطبہ جمعہ بعنوان " مسلمان اور استقبال رمضان" ازصلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ

ابو حسن نے 'خطبات الحرمین' میں ‏مئی 11, 2018 کو نیا موضوع شروع کیا

  1. ابو حسن

    ابو حسن محسن

    شمولیت:
    ‏جنوری 21, 2018
    پیغامات:
    415
    ---------------------------
    ( ترجمہ وتحریر ازشیخ شفقت الرحمن مغل )


    فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ نے 22-شعبان- 1435کا خطبہ جمعہ بعنوان " مسلمان اور استقبال رمضان"ارشاد فرمایا،جس میں انہوں نے رمضان کی آمد پر مسلمانوں کے دلی جذبات، تیاری، اور دوران رمضان ایک مسلمان کیلئے متعدد نصیحتیں پیش کیں، اور آخر میں رؤیت ہلال کے بارے میں وضاحت بھی کی۔

    فیس بک ربط

    پہلا خطبہ:

    تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں، جو صفات کمال و جلال سے متصف ہے، میں تمام نعمتوں ، فضل و عطاء، اور کرم نوازی پر اسی کی تعریف کرتا ہوں، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں وہ یکتا ہے اسکا کوئی شریک نہیں ، یہ ایسی گواہی ہے جسے میں اپنے لئے ایسے دن کیلئے محفوظ رکھنا چاہتا ہوں جب لین دین، اور دوستی کام نہیں آئے گی، اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی سیدنا محمداسکے بندے ،اور رسول ہیں ، جنہوں نے صحیح ترین اقوال و افعال کیلئے ہماری راہنمائی کی، اللہ تعالی ان پر، انکی اولاد ، اور بہترین صحابہ کرام پر رحمتیں نازل فرمائے۔

    مسلمانو!

    اللہ سے ڈرو، کہ تقویٰ الہی افضل ترین نیکی ہے، اور اسکی اطاعت سے ہی قدرو منزلت بڑھتی ہے، اللہ تعالی نے فرمایا: }يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ حَقَّ تُقَاتِهِ وَلَا تَمُوتُنَّ إِلَّا وَأَنْتُمْ مُسْلِمُونَ{ اے ایمان والو! اللہ سے ایسے ڈرو جیسے ڈرنے کا حق ہے، اور تمہیں موت صرف اسلام کی حالت میں آئے۔[آل عمران: 102]

    مسلمانو!
    یہ روزوں کا چاند ، جس کی آمد آمد ہے، جس کے نظر آنے کا وقت قریب ہوچکا ہے، لوگ ایڑھیاں اٹھا کر اسے دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں، اور ایام اسے قریب تر کرتے جا رہے ہیں، کتنے ہی دل اسکے مشتاق ہیں، اور کتنے ہی چاہنے والے رمضان کے لیل و نہار کی شان و شوکت کے منتظر ہیں۔

    فالنفس تدأب في قول وفي عمل *** صوم النهار وبالليل التراويحُ
    قول و فعل میں روح مسلسل عبادت گزار بن جاتی ہے ، جب دن میں روزہ اور رات کو تراویح ادا کی جائے ​

    رمضان کے استقبال کیلئے تیار ہو جاؤ، اللہ کی طرف متوجہ ہوجاؤ، اسکی طرف رجوع کرو، اور اللہ تعالی کی رحمت، بھلائی، فضل، اور احسان سے پر اُمید ہو جاؤ، اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لو، اسکے سامنے عاجزی و انکساری کرو، تا کہ وہ تمہارے گناہوں کو مٹا دے، اُس نے تمہارے کتنے ہی گناہ اور غلطیاں شمار کر رکھی ہیں!!

    وإن أتى رمضان واصطفيت له *** فاخلع ثياب الهوى وقم على قدم
    اگر رمضان کی آمد پر اسکے لئے آپکو چن لیا جائے تو خواہشات کا لباس اتار دو، اور عبادت کیلئے قدموں پر کھڑے ہو جاؤ

    وصنه عن كل ما يرديه من حرم *** ولتعكس النفس عكس الخيل باللجم
    رمضان میں ہر تباہ کن و حرام کام سے بچو، اور اپنے نفس کو خواہشات سے ایسے بچاؤ جیسے گھوڑے کو لگام باندھی جاتی ہے

    حصن صيامك بالسكوت عن الخنا *** أطبق على عينيك بالأجفان
    اپنے روزے میں فحش گوئی مت کرو، اور اپنی آنکھیں جھکا لو

    لا تمش ذا وجهين من بين الورى *** شر البرية من له وجهان
    لوگوں میں دو رُخا بن کر مت چلو، بد ترین مخلوق وہی ہے جو دو رُخی ہو
    اللہ کے بندے!
    رمضان کے دن میں کھانے پینے سے رُکنے والے شخص! اپنے بھائی پر ظلم، اور اسکا مال ہڑپ کرنے سے بھی رک جاؤ، جس طرح روزہ توڑنے والی اشیاء سے آپ بچتے ہو، اسی طرح اپنے بھائی کی عزت، اور حقوق ضائع کرنے سے بھی بچو۔

    يا ذا الذي صام عن الطعم *** ليتك صمت عــن الظــلم
    کھانے پینے سے رُکنے والےشخص کاش! کہ تم ظلم سے بھی رُک جاؤ

    هل ينفع الصوم امرائ ظالما *** أحشاؤه مــلأى مــن الإثم ؟!
    گناہوں سے بھرپور شخص کو کیا کبھی روزے نے فائدہ بھی دیا ہے؟!​

    مسلمانو!
    جس شخص کے ذمہ سابقہ رمضان کے روزے باقی ہیں وہ رمضان شروع ہونے سے پہلے پہلے ان روزوں کی قضا دے دے۔

    شک کے دن کا روزہ رکھنا حرام ہے، ہاں اگر کوئی قضا دے رہا ہے یا شک کا دن ایسے روزوں میں آجائے جو وہ پہلے سے رکھتا آرہا تھا تو اسکے لئے روزہ رکھنا جائز ہے،

    چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سے کوئی بھی رمضان سے پہلے ایک یا دو روزے بالکل نہ رکھے، اِلّا کہ کوئی شخص پہلے سے روزے رکھتا آرہا تھا،-تو وہ رکھ لے-متفق علیہ

    عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں : "جس شخص نے شک کے دن روزہ رکھا اس نے ابو القاسم صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کی"امام بخاری نے اس اثر کو معلق ذکر کیا ہے، اور اصحاب السنن نے موصول ذکر کیا ہے۔

    مسلمانو!
    اپنے محتاج بھائیوں کو رمضان میں یاد رکھنا ، فقراء، کمزور، مصیبت زدہ کو بھولنا مت، ان پر رحم کرو ، ان پر رحم کرو اُن پر ترس کھاؤ، عطیات دو، مالی تعاون کرو، انہیں اپنے سینے سے لگاؤ، اپنے قریب جگہ دو، مساکین کو کھلاؤ، اور یتیم کے سر پر ہاتھ رکھو، {وَأَحْسِنُوا إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الْمُحْسِنِينَ} اور احسان کرو، بیشک اللہ تعالی احسان کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔ [البقرة : 195]

    مسلمانو!
    رمضان میں فضول خرچی سے بچو؛ کیونکہ فضول خرچی زوال نعمت اور نزول زحمت کا پیش خیمہ ہے، اپنی خوشحالی، اور رزق کی فراوانی پر حمد الہی کرتے ہوئے نعمتوں کو فضول خرچ ، اور اسراف کرنے والوں کی طرح ضائع مت کرو، اور انکا شکر ادا کرو۔

    فرمان باری تعالی ہے: {وَآتِ ذَا الْقُرْبَى حَقَّهُ وَالْمِسْكِينَ وَابْنَ السَّبِيلِ وَلَا تُبَذِّرْ تَبْذِيرًا [26] إِنَّ الْمُبَذِّرِينَ كَانُوا إِخْوَانَ الشَّيَاطِينِ وَكَانَ الشَّيْطَانُ لِرَبِّهِ كَفُورًا}رشتہ داروں، مساکین، اور مسافروں کا انکا حق دو، اور فضول خرچی مت کرو، بیشک فضول خرچی کرنے والے شیاطین کے بھائی ہیں، اور شیطان اپنے رب کا بہت ہی ناشکرا ہے۔[الإسراء : 27-26]

    بازاروں میں خرید و فروخت کرنے والو! سامان درآمد کرکے تجارت کرنے والو! اپنے آپ کو لالچ اور طمع سے بچاؤ، اور ماہِ رمضان میں خود ساختہ مہنگائی، اور قیمتوں میں رد و بدل سے دور رہو۔

    ملاوٹ شدہ سامان اور خراب غذائی اشیاء مت فروخت کرو، مسلمانوں کو دھوکہ مت دو ورنہ تمہیں انکی بد دعا لگ جائے گی، اور انکا شکوی تمہیں ملیامیٹ کردے گا۔

    حرام کمائی سے بچو؛ کیونکہ یہ حرام کمانے والے کیلئے نحوست ، جہنم کی آگ، اور مصیبت کا باعث ہے۔


    یا اللہ! ہمیں ماہِ رمضان نصیب فرما، یا اللہ! ہمیں ماہِ رمضان نصیب فرما، یا اللہ! ہمیں ماہِ رمضان نصیب فرما، ہمیں ، صحت، عافیت ، اور امن و امان کیساتھ رمضان نصیب فرما۔ یا کریم! یا رحیم! یا منّان!

    دوسرا خطبہ:

    بلا حد و حساب تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں جو طالبِ ہدایت لوگوں کو ہدایت دیتا ہے، پرہیز گار کو بچا بھی لیتا ہے، رضائے الہی تلاش کرنے والوں کو وہی کافی ہے ، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبودِ برحق نہیں وہ یکتا اور اکیلا ہے ، اسکے علاوہ کوئی حقیقی معبود نہیں ، اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد -صلی اللہ علیہ وسلم-اللہ کے بندے ، اور رسول ہیں ، یا اللہ !اُن پر ، آل ،و صحابہ کرام ، اور آپکے نقش قدم پر چلنے والوں پر ڈھیروں رحمتیں نازل فرما۔

    حمدوثناء کے بعد:
    مسلمانو! اللہ سے ڈرو، اسے اپنا نگہبان جانو، اسکی اطاعت کرو، نافرمانی مت کرو،: } يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ {ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سچے لوگوں کے ساتھ رہو۔ [التوبة: 119]

    مسلمانو!
    رؤیت ہلال کا معاملہ مُلک حرمین شریفین میں ایک شرعی سپریم جوڈیشل کمیٹی کے ذمہ ہے، جو کہ کتاب و سنت کے مطابق عمل پیرا ہے، اس کمیٹی پر اعتماد کیلئے سب متفق ہیں۔

    اور کچھ شرعی یا فلکی علوم کے مدعی لوگ ہر سال میڈیا اور سماجی رابطے کے ذرائع کی وساطت سے رمضان کے شروع ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں ہلچل ، اور شک و شبہ پیدا کر رہے ہیں جس سے افراتفری، اختلاف اور لوگوں کے دلوں میں شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔

    اللہ کے بندو! اس گھٹیا حرکت ، اور مذموم فعل سے بچو، عقل، حکمتِ عملی، اور مصلحت سب اس قسم کی باتوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

    جس شخص کا اپنا نقطۂ نظر یا اجتہاد ہو، تو وہ اپنا نظریہ پیش کرنے کیلئے بغیر کسی ہلچل ، و شک و شبہ پھیلائے قانونی راستہ اختیار کرے۔

    مسلمانو!
    غیر اسلامی ممالک میں مقیم مسلمان اگر ایک ہی ملک میں رہائش پذیر ہوں، یا ایسے ممالک میں رہتے ہوں جہاں فاصلے کم ہونے کی وجہ سے مطلع ایک ہی رہے تو وہ ایک ہی دن روزہ رکھیں اور عید منائیں، انہیں ایک ہی علاقے یا آبادی میں رہتے ہوئے ایسے تفرقہ، اور اختلاف سے بچنا چاہئے جس سے انکے روزے مختلف ، اور عیدیں متعدد ہو جائیں، اس معاملے کی ذمہ داری اہل علم و حلم ، صاحب حکمت اور بااثر شخصیات پر عائد ہوتی ہے۔

    احمد الہادی، شفیع الوری ، نبی رحمت پر بار بار درود و سلام بھیجو، جس نے ایک بار درود پڑھا اللہ تعالی اس کے بدلے میں دس رحمتیں بھیجے گا۔

    یا اللہ! اپنے بندے اور رسول محمد پر رحمتیں و سلامتی بھیج ، یا اللہ! صحابہ کرام، تابعین عظام، اور تبع تابعین کے ساتھ ساتھ اپنے احسان اور سخاوت کے صدقے ہم سے بھی قیامت تک راضی ہوجا۔

    یا اللہ!اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ!اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ!اسلام اور مسلمانوں کو غلبہ عطا فرما، یا اللہ! شرک اور مشرکین کو ذلیل و رسوا فرما، یا اللہ! دشمنان دین کو تباہ وبرباد فرما، یا رب العالمین!

    یا اللہ !اس ملک اور سارے اسلامی ممالک کو پر امن اور اطمینان والا بنا۔

    یااللہ! ہمارے حکمران خادم حرمین شریفین کو اپنے پسندیدہ اعمال کرنے کی توفیق دے، یا اللہ !پیشانی سے پکڑ کر انکی نیکی اور تقوی کے کاموں کیلئے راہنمائی فرما، یا اللہ! ہمارے حکمران اور اسکے دونوں ولی عہد کو بھی ایسے کام کرنے کی توفیق دے جن میں اسلام اور مسلمانوں کیلئے بھلائی ہو، یا رب العالمین!

    یا اللہ! مریضوں کو شفا یاب فرما، مصیبتوں میں پھنسے افراد کو عافیت دے، فوت شدگان پر رحم فرما، قیدیوں کو رہائی نصیب فرما، اور ظلم کرنے والوں کیخلاف ہماری مدد فرما، یا رب العالمین۔
    یا اللہ! کمزور مسلمانوں کا حامی و ناصر بن جا، یا اللہ! کمزور مسلمانوں کا حامی و ناصر بن جا، یا ارحم الراحمین!

    یا اللہ! ہماری دعاؤں کو قبول فرما، ، یا اللہ! ہماری دعاؤں کو شرف قبولیت سے نواز، یا کریم! یا عظیم! یا رحیم!
     
    • پسندیدہ پسندیدہ x 4
  2. شفقت الرحمن

    شفقت الرحمن ركن مجلس علماء

    شمولیت:
    ‏جون 27, 2008
    پیغامات:
    753
    جزاک اللہ خیرا
     
    • پسندیدہ پسندیدہ x 2
    • حوصلہ افزا حوصلہ افزا x 1
  3. بابر تنویر

    بابر تنویر -: ممتاز :-

    شمولیت:
    ‏دسمبر 20, 2010
    پیغامات:
    7,320
    جزاک اللہ خیرا
     
    • حوصلہ افزا حوصلہ افزا x 1

اردو مجلس کو دوسروں تک پہنچائیں